بھٹکل یکم ؍جون(ایس او نیوز)جالی پٹن پنچایت کے صدر عبدالرحیم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کاروار پہنچ کر ڈپٹی کمشنر دفترمیں جناب عبدالرحیم نے اپنا استعفیٰ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کے دباؤ کے بغیر مستعفی ہورہے ہیں۔ استعفیٰ نامے میں انہوں نے شکایت کی ہے کہ سرکار کی طرف سے جالی پٹن پنچایت کی تشکیل کے بعد اس کے لئے ضروری بنیادی سہولتیں اور افراد کے علاوہ مناسب فنڈ فراہم نہیں کیا گیا ہے۔
ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرحیم نے بتایا کہ فنڈ جاری نہ ہونے کی وجہ سے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پید ا ہورہی ہے اور عوام کی طرف سے شکایات بڑھتی جارہی ہیں۔ عبدالرحیم کے مطابق جالی پٹن پنچایت کے لئے ابھی تک مناسب دفتر کا انتظام نہیں کیا گیا ہے بلکہ ابھی بھی اُسی پرانی عمارت میں کام کاج چلایا جارہاہے۔ چیف افیسر، انجینئراورضروری عملہ کی تعیناتی بھی نہیں کی گئی ہے۔ان سب رکاوٹوں کی وجہ سے ان کے لئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔